نئی دہلی،10/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی)نے مرکز کے سڑک اور ٹرانسپورٹ، ماحولیات، جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی کی وزارت نیز اتراکھنڈ حکومت کوآج نوٹس جاری کیا اور اس پہاڑی ریاست میں چار دھام پروجیکٹ کے تحت سڑک کی تعمیر کے دوران اکٹھا ہونے والے کچرے کو ٹھکانہ لگانے کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جواب داخل کرنے کا حکم دیا۔غیر سرکاری تنظیم کامن کاز کی طرف سے داخل عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس آدرش گوئل کی صدارت والی این جی ٹی کی بنچ نے مرکز او راتراکھنڈ حکومت کو نوٹس جاری کیا اور چار دھام پروجیکٹ کے تحت اتراکھنڈ سڑک تعمیرکے دوران اکٹھا ہونے والے کچرے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے متعلق اقدامات کے بارے میں جواب داخل کرنے کے لئے کہا۔این جی او کے وکیل گورو کمار بنسل نے ٹریبونل کو بتایا کہ سڑک اور ٹرانسپورٹ کی وزارت کے ذریعہ مجوزہ چار دھام سڑک پروجیکٹ کے تحت سڑک کی تعمیر کے دوران اکٹھا ہونے والے کچرے کو غیر سائنسی اور نامناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جارہا ہے جس کی وجہ سے اتراکھنڈ کے جنگلوں او رماحولیات کو کافی نقصان ہورہاہے۔